امریکی صحافی ڈیننئل پرل قتل کیس ،ملزمان کی بریت کیخلاف پراسیکیوٹر جنرل سندھ نے دلائل کی تیاری کیلئے وقت مانگ لیا
اسلام آباد (ٹی این آئی)امریکی صحافی ڈیننئل پرل قتل کیس میں سپریم کورٹ میں ملزمان کی بریت کیخلاف سندھ حکومت کی درخواست پر پراسیکیوٹر جنرل سندھ نے دلائل کی تیاری کیلئے وقت مانگ لیا ۔
بدھ کو دور ان سماعت وکیل سندھ حکومت نے کہاکہ ہم دلائل کیلئے تیار ہیں ، کوئی تاریخ نہیں مانگ رہے ۔وکیل ملزمان نے کہاکہ ملزمان کو سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کا فائدہ ملنا چاہیے ،عدالت نے تین ملزمان کو بری، دیگر کو 7 سات سال قید کی سزا سنائی۔
وکیل ملزما ن نے کہاکہ ملزمان اٹھارہ سال جیل میں گزار چکے ہیں ۔ جسٹس مشیر عالم نے کہاکہ سندھ حکومت پہلے ہی تین ماہ کیلئے ملزمان کو حراست میں رکھنے کا حکم دے چکی، حکومتی احکامات کے بعد عدالتی حکم کے ہونے نہ ہونے سے فرق نہیں پڑتا۔ پراسیکیوٹر جنرل سندھ نے کہاکہ آئندہ سماعت سے قبل تحریری دلائل بھی جمع کروا دینگے۔ جسٹس قاضی امین نے کہاکہ باہر کیا ہو رہا ہے اس سے غرض نہیں ہم نے ریکارڈ دیکھ کر فیصلہ کرنا ہے، جیل میں رہنے والے بے گناہ قرار پائیں تو مدعاوا ممکن نہیں۔
جسٹس قاضی امین نے کہاکہ مختاراں مائی کیس میں ملزمان کی بریت کا فیصلہ معطل کیا تھا، مختاراں مائی کے ملزمان بھی جیل میں رہنے کے بعد بری ہوئے۔عدالت نے ملزمان کی رہائی روکنے کیلئے سندھ حکومت کی استدعا مسترد کردی بعد ازاں عدالت نے پراسیکیوٹر جنرل کی استدعا پر سماعت دس روز کیلئے ملتوی کردی۔