پاکستان

فوج ، عدلیہ پاکستان کے مقبول ادارے ،نواز شریف کا بیانیہ پاکستان اور عوام کیلئے نہیں اپنی ذات کیلئے ہے' ہمایوں اختر

اسلام آباد(ٹی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی سیاست کا حال یہ ہے کہ دونوں جماعتیں عام انتخابات میں بد ترین شکست کھانے والی جے یو آئی (ف) کے پیچھے لگی ہوئی ہیں ،پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں اصل میں ایک دوسرے سے سیاسی تقویت لینا چاہتی ہیں ، نواز شریف کا بیانیہ پاکستان اور عوام کیلئے نہیں بلکہ اپنی ذات کیلئے ہے، حالیہ گیلپ سروے میں39فیصد لوگوںنے ان کے بیانیے کومسترد کردیا ہے ۔
اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے پارلیمنٹرینز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی اپنی آخری ہچکیاں لیتی اپنی سیاست کو مولانا فضل الرحمان کے ذریعے تقویت دینا کا سوچ رہی ہیں تو یہ ان کی بھول ہے بلکہ اس سے ان کی رہی سہی سیاست کی آخری رسومات ادا ہو جائیں گی ۔
انہوں نے کہا کہ آئین وقانون کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج کرنا اپوزیشن کا حق ہے لیکن اگر تجاوز کیا جائے گا تو عوام کے جان و مال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے جس میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ فوج اور عدلیہ سیاسی ادارے نہیں لیکن ان کی عوام میں مقبولیت ہے، پاک فوج کی ملک کیلئے اتنی قربانیاں اور خدمات ہیں کہ اگر سروے کرایا جائے تو اس لحاظ سے اس کی مقبولیت سیاسی جماعتوں سے زیادہ ہو گی ۔
عوام نے حکومت کو پانچ سال کیلئے منتخب کیا ہے اس لئے اپوزیشن انتشار کی بجائے صبر و تحمل سے کام لے ، سینیٹ انتخابات میں شکست کو دیکھتے ہوئے سارا ڈرامہ رچایا جارہا ہے جو بری طرح فلاپ ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button