اپوزیشن ملک کودرپیش مشکلات کیلئے نہیں ''نظریہ کرپشن'' کے تحت اکٹھی ہوئی ہے' ہمایوں اخترخان
اسلام آباد( ٹی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیرہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد ‘ ‘ کرپشن اور لیڈربچائو ”تحریک چلاتے چلاتے تھک جائے گا لیکن اسے کامیابی نہیں ملے گی، سینیٹ انتخابات سے قبل استعفوںکی دھمکی سے بلی تھیلے سے باہر آ گئی ہے،اپوزیشن ملک وقوم کودرپیش مشکلات کیلئے نہیں ”نظریہ کرپشن” کے تحت اکٹھی ہوئی ہے ۔
ان خیالات کااظہارانہوںنے ایک تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اخترخان نے کہا کہ آج اپوزیشن کو کرپشن کیسزمیںریلیف مل جائے تویہ ایسے فرینڈلی ہو جائیں گے کہ جیسے انہیں کبھی حکومت سے کوئی شکایت تھی ہی نہیں ۔پاکستان اس وقت ”اب نہیں توکبھی نہیں ”والی صورتحال سے دوچار ہے ،اگر آج کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنہ پھینکاگیا توملک کبھی بھی درست سمت میںگامزن نہیں ہو سکے گا ۔وزیر اعظم عمران ہرگزمصلحت پسندی کا شکارنہیں ہوں گے بلکہ وہ پر عزم ہیں کہ کسی بھی طرح کی قربانی دینی پڑے لیکن کرپشن کرنے والوںکوچھوٹ نہیں ملے گی ۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپنے دور کے چھوڑے گئے مہنگے قرضوں کا کیوں ذکرنہیں کرتی ،معیشت کو کس حال میں چھوڑ کرگئے اس پر بھی لب کشائی نہیں کرتے بلکہ ان کاسارازورجھوٹے اورگمراہ کن پراپیگنڈے پر ہے جسے عوام مستردکرچکے ہیں۔ ہمایوں اخترخان نے کہا کہ ہم پہلے ہی کہہ چکے ہیں اپوزیشن نے سارا ڈرامہ سینیٹ انتخابات کوپیش نظر رکھ کراسٹیج کیا ہے اور سینیٹ انتخابات سے قبل استعفوں کی دھمکی سے بلی تھیلے سے باہر آ گئی ہے۔