پی ڈی ایم کی تحریک کا سارا انحصار جے یو آئی کے مدارس کے طلبہ پر ہے ' ہمایوں اختر خان
اسلام آباد( ٹی این آئی)تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی تحریک کا سارا انحصار جے یو آئی کے مدارس کے طلبہ پر ہے ،
واضح کیا جائے اپوزیشن اتحاد تحریک انصاف کی حکومت یاقومی اداروں کے خلاف بنایا گیا ہے؟ ،وزیر اعظم عمران خان پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں اور انہوں نے نا مساعد حالات کے باوجود ملک کو مشکلات کی بھنور سے باہر نکالا ہے ۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے اراکین کی جانب سے نواز شریف کے بیانیے سے علی الاعلان لاتعلقی اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام انہیں پذیرائی نہیں دے رہے ، پیپلز پارٹی کبھی بھی استعفے دے کر سندھ حکومت سے باہر نہیں آئے گی کیونکہ وہ مستقبل کے نتائج سے آگاہ ہے ۔
انہوںنے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں میں اتفاق رائے نہیںہے جو یہ ثابت کرنا ہے اپوزیشن کے پاس حکومت کے خلاف محاذ کھولنے کا کوئی جواز نہیں ۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی جو کسی لالچ کے بغیر کسی کو چپڑاسی کا عہدہ دینے کیلئے تیار نہیں ہوتے کیسے انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو خوشی خوشی پی ڈی ایم کی سربراہی دیدی ، اس کے پیچھے اصل وجہ اس تحریک کا جے یو آئی کے مدارس کے طلبہ پر انحصار کرنا ہے جو قابل مذمت ہے ۔
والدین اپنے بچوں کو اپوزیشن کی تحریک کا ایندھن نہیں بننے دیں گے اور مزاحمت کریں گے۔ ہمایوںاختر خان نے کہا کہ اپوزیشن بتائے اس کے پا س ایسا کیا پروگرام ہے جسے وہ کئی دہائیاں وفاق اور صوبوںمیں اقتدار میں رہنے کے باوجود پورا نہیں کرسکے اور آج دوبارہ اقتدار میں آنے کیلئے دائو پیچ لڑا رہے ہیں۔