جنوری تک حکومت نہیں جائیگی، نواز شریف جیل چلے جائیں گے، فواد چودھری
اسلام آباد (ٹی این آئی)وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوری تک حکومت نہیں جائے گی البتہ نواز شریف جیل چلے جائیں گے۔
ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں جلسے وغیرہ کرلیں اوراپنا شوق پورا کرلیں۔پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن کا مسئلہ آٹھ کیسز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کیسز میں ریلیف مل جائے تو سارے مسائل حل ہو جائیں گے۔وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ مریم نواز اپنا جلسہ کریں، ان کی گرفتاری نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن حکومت و معیشت پر تنقید کرے لیکن اداروں کو نشانہ نہ بنائے۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیرفواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن کا بیانیہ مہنگائی اور معیشت نہیں ہے بلکہ وہ صرف کیسز میں ریلیف چاہتے ہیں۔پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن کے خلاف غداری سے متعلق کیس کے حوالے سے وزیراعظم لاعلم تھے۔