ن لیگی رہنما سابق ایم پی اے چوہدری اکرام ،انکے بھائی چوہدری عبدالرحمن پر اینٹی کرپشن میں دو مقدمات کا اندارج
لاہور(ٹی این آئی) ڈی سی سیالکوٹ ذیشان جاوید لاشاری کی درخواست پر ن لیگی رہنما اور سابق ایم پی اے چوہدری اکرام ،انکے بھائی چوہدری عبدالرحمن پر اینٹی کرپشن میں دوپرچے درج کر لئے گئے۔ جبکہ محکمہ مال کے نائب تحصیلدار، گرداور اور پٹواریوں سمیت 6 افراد بھی مقدمہ میں نامزد۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کےمطابق ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ذیشان جاوید لاشاری نے ڈی جی اینٹی کرپشن کو ملزمان کے خلاف ریفرنس بھیجا تھا ۔ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ نے اپنے ریفرنس میں چوہدری اکرام اور محکمہ مال افسران کے خلاف پرچہ دینے کی استدعا کی تھی ۔ملزمان نے فراڈ، جعل سازی اور بدنیتی سے انتقالات کرائے۔ملزمان نے جعلسازی سے پراپرٹی کی انتقالات فیس کی مد میں سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔اپنے ریفرنس میں ڈی سی نے استدعا کی تھی کہ ملزمان پر ایک مقدمہ محکمہ مال کے عملے کی ملی بھگت سے غیر قانونی طور پر چار جعلی انتقالات کرانے پر درج کیا جائے۔ملزمان نے 8 کنال 11 مرلے رقبہ باہمی تبادلہ کے ساتھ درج کرایا مگر متبادل رقبہ نہیں دیا گیا۔ ملزمان پر دوسرا مقدمہ فروخت کنندہ فتح بی بی کی وفات کے بعد جعلی انتقال کرانے پر درج کیا جائے۔ملزمان نے جعل سازی سے 6کنال 4 مرلہ رقبہ فروخت کنندہ کی وفات کے 6 سال بعد اپنے نام ٹرانسفر کرایا۔
اس حوالے سے اینٹی کرپشن حکام کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں کرپٹ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کاروائیاں جاری رہیں گی ۔سرکاری خزانے کی ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے گا۔