
افغان نائب صدر امراللہ صالح بم حملے میں بال بال بچ گئے، 2 افراد ہلاک، 12زخمی
کابل (ٹی این آئی) افغانستان کے نائب صدر امراللہ صالح دارالحکومت کابل میں اپنے قافلے پر ہونے والے بم دھماکے میں بال بال بچ گئے، تاہم دھماکے میں 2 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان نائب صدر کے میڈیا دفتر کے سربراہ رضوان مراد نے بتایا کہ وسطی کابل میں بدھ کی صبح ہونے والے بم دھماکے میں نائب صدر امراللہ صالح کے قافلے کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنے گھر سے دفتر پہنچے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان طارق اریان نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات تک بم دھماکے میں 2 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوئے۔ امراللہ صالح صدر اشرف غنی کے پہلے نائب صدر اور سرور دانش دوسرے نائب صدر کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ یہ دھماکہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب قطر کے دارالحکومت دوحہ میں افغان حکومت اور طالبان ٹیم کے مابین بین الافغان امن مذاکرات جلد شروع ہونے والے ہیں۔
