
ڈی جی گوہر نفیس کی ہدایت پر اینٹی کرپشن نے محکمہ اوقاف کی9 کروڑ 45 لاکھ روپے کی اراضی واگزار ۔
ایڈیٹر انچیف: ارشد محمود گھمن
لاہور (ٹی این آئی )ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب کی ہدایت پر اینٹی کرپشن کا قبضہ مافیا کے خلاف ضلع رحیم یار خان کے علاقے موضع مسلم آباد میں گرینڈ اپریشن، محکمہ اوقاف کی 135ایکڑ زرعی اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کرا لی، واگزار کرائی گئی اراضی کی مالیت9 کروڑ45لاکھ سے زائد ہے۔ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ اینٹی کرپشن صوبہ بھر میں مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہا ہے اور اس ضمن میں تمام فیلڈ افسران کو واضح ہدایات ہیں کہ قابضین کے خلاف موصول شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع رحیم یار خان کے علاقہ مسلم آباد تحصیل رحیم یار خان میں محکمہ ا وقاف کی 9کروڑ45لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 135ایکڑ زرعی اراضی پر قبضہ کی شکایت موصول ہوئی جس پر محکمہ اینٹی کرپشن کی فیلڈ ٹیم نے کامیاب کار رو ائی کرتے ہوئے قابضین سے محکمہ اوقاف کی ملکیتی زمین کا قبضہ واگزار کروا کر محکمہ اوقاف کے حوالہ کر دیا۔انہوں نے کہا کہ قابضین کے خلاف آپریشن کی قیادت ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن غلام یٰسین کر رہے تھے جس میں پولیس اور محکمہ اوقاف کے افسران و عملہ بھی موجو دتھا۔انہوں نے بتایا کہ عرصہ دراز سے قابضین ملزمان شادو خان اور غلام محی الدین محکمہ اوقاف کی زرعی اراضی پر قابض تھے جسے واگزار کروا کر محکمہ اوقاف سرکل آفس ر حیم یار خان کے حوالہ کر دیا گیا ہے اور محکمہ اوقاف کو قابضین سے تاوان وصولی کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ اپنی اراضی کا تحفظ یقینی بنائیں اور کسی بھی قبضہ کی صورت فوری اطلاع اپنے اعلیٰ افسران یا قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو فراہم کریں جبکہ محکمہ اینٹی کرپشن وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزاد کے ویژن پر عمل پیرا ہوتے ہوئے قابضین کے خلاف اپنی کارروائیاں بلا امتیاز جاری رکھے گا۔