
الیکشن کمیشن نےضمنی انتخاب حلقہ پی پی84 کی تمام تیاریاں مکمل کر لی
Editor in chief Arshad Mahmood Ghumman
لاہور (ٹی این آئی)صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے حلقہ PP-84 خوشاب میں 5مئی کو منعقد ہونے والے ضمنی انتخاب کی تیاریاں مکمل کر لیں۔ صوبائی اسمبلی کی یہ نشست 2018 کے عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے PML-N کے امیدوار محمد وارث شاد کی وفات کی وجہ سے خالی ہوئی، جنہوں نے 66775 ووٹوں کے ساتھ کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ دوسرے نمبر پر تحریک انصاف کے امیدوارسردار شجاع محمد خان نے 60288ووٹ حاصل کئے تھے۔5 مئی کو منعقد ہونے والے ضمنی انتخاب کیلئے 16کاغذات نامزدگی وصول کئے گئے تھے جن میں سے ایک نامنظور کیا گیا جبکہ 6امیدواران نے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے۔ لہٰذا انتخابی میدان میں 9امیدوار الیکشن لڑیں گے جن میں علی حسین خان، پاکستان تحریک انصاف سے، محمد معظم شیر پاکستان مسلم لیگ (ن) سے، غلام حبیب احمد پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیر ینزسے، امجد رضا بطور آزاد امیدوار، اورنگزیب بطور آزاد امیدوار، عمران حیدر خان بطور آزاد امیدوار، محمد الیاس خان بطور آزاد امیدواراور حافظ محمد اصغر علی تحریک لبیک پاکستان سے انتخاب میں حصہ لیں گے۔
حلقہ میں الیکشن کمیشن کے افسران ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور ریٹر ننگ آفیسر کے فرائض سر انجام دیں گے جن میں خورشید عالم، بطور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور شکیل احمد بطور ریٹرننگ آفیسر تعینات کئے گئے ہیں۔جبکہ ا لیکشن کمیشن کی تعینات کردہ مانیٹرنگ ٹیم ڈسٹرکٹ مانیٹر نگ آفیسر رائے سلطان بھٹی کی سربراہی میں ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے فرائض سرانجام دے رہی ہے۔
حلقے کی حدود میں ضلع خوشاب کی 3 تحصیلیں نور پور تھل، قائدآباد اور تحصیل خوشاب کا علاقہ شامل ہے۔ حلقہ میں رجسٹرووٹر ز کی کل تعداد 2لاکھ 92ہزار چھ سو ستاسی ہے۔ جن میں ایک لاکھ 55ہزار ایک سو چار مرد ووٹر ہیں جبکہ ایک لاکھ 37ہزار پانچ سو تراسی خواتین ووٹرز ہیں۔ حلقہ میں کل 229پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے جن میں سے 27مردانہ پولنگ اسٹیشنز 26خواتین پولنگ اسٹیشنزاور176 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز ہونگے۔ تمام پولنگ اسٹیشنز کو GIS کے ذریعے جیو ٹیگ کیا گیا ہے۔ حلقہ میں ضمنی انتخاب کیلئے انتخابی عملہ کی تربیت بھی مکمل ہو چکی ہے۔ انتخابی عملہ میں 229پریزائیڈنگ آفیسرز، 666اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسراور 666پولنگ آفیسرز تعینات کئے گئے ہیں۔ حلقے میں 14پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار، جبکہ 43 حساس اور 172نارمل پولنگ اسٹیشنز ہیں۔ حلقے میں 2800سے زائدپولیس اہلکاران جبکہ500 سے زائد رینجرز کے جوان تعینات کئے گئے ہیں۔ تمام حساس پولنگ اسٹیشنز پرکیمرے نصب کئے جائیں گے۔ پولنگ اسٹیشن پرسے نتائج اور پولنگ ریکارڈریٹرننگ افسر تک پہنچانے کیلئے ہر پریزائیڈنگ افسر کیساتھ پولیس اور رینجرز کی مناسب نفری تعینات کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں، ہر پولنگ اسٹیشن کا پولنگ ریکارڈ بحفاظت ریٹرننگ افسر کے دفتر پہنچانے کیلئے انتظامیہ کا ایک فوکل پرسن بھی ہمراہ ہوگا۔
حلقہ PP-84خوشاب میں انتخابی عوامل کو مانیٹر کرنے کیلئے الیکشن کمیشن اسلام آباد اور دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب میں کنٹرول روم قائم کر دئے گئے ہیں۔ کنٹرول روم میں مندرجہ ذیل نمبرز پر پولنگ ڈے پر عوام الناس شکایات درج کرا سکیں گے جن کا فوری تدارک کیا جائے گا۔
٭ کنٹرول روم دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب فون: 042-99212607, 042-99212717
فیکس نمبر: 042-99211021
ای میل: comptcellna75@gmail.com
٭ کنٹرول روم الیکشن کمیشن اسلام آباد فون: 051-920402, 051-920403
فیکس نمبر: 051-920404