
لاہور(ٹی این آئی )ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس کی ہدایات پر پنجاب بھر میں کرپٹ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی کر دی گئی۔ اس حوالے سے محکمہ پولیس کے سب انسپکٹر سمیت تین اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان سے لاکھوں روپے رشوت کے نشان زدہ نوٹ برآمد کر لئےگئے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سی ائی اے اقبال ٹاؤن فیصل آباد سے ہیڈ کانسٹیبل محسن مرتضی کو رشوت لیتے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم سے رشوت کے نشان زدہ دو لاکھ تیس ہزار روپے برآمد کر لئے گئے۔ ملزم مدعی عبدالرحیم سے دو لاکھ روپے پہلے بھی بطور رشوت وصول کر چکا تھا۔ ملزم نے مدعی سے اس کے ماموں کی رہائی کے لئے بھاری رشوت طلب کی تھی۔ ملزم محسن مرتضی کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد یونس نے مجسٹریٹ کی موجودگی میں ٹریپ ریڈ کر کے گرفتار کیا۔
دوسری کاروائی میں اینٹی کرپشن نے اوکاڑہ کے تھانہ ست گڑھا سے کانسٹیبل ظفر اقبال کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نے مدعی سے پندرہ ہزار روپے بطور رشوت لئے۔کانسٹیبل ظفر اقبال کو سرکل آفیسر اینٹی کرپشن رضوان علی نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی موجودگی میں ٹریپ ریڈ کر کے گرفتار کیا۔ جبکہ اینٹی کرپشن راولپنڈی نے سب انسپکٹر تھانہ ٹیکسلا امتیاز کیانی کو گرفتار کر لیا۔سب انسپکٹر امتیاز کیانی نے عدالت میں گاڑی سپرداری جعلی دستاویزات پیش کیں۔ملزم امتیاز کیانی نے جعلی دستاویزات سے گاڑی مالکان کو چودہ لاکھ کا نقصان پہنچایا۔
اس حوالے سے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں کرپٹ سرکاری افسران و اہلکاروں کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری ہے۔