پاکستان

بھٹو زندہ نہیں لیکن شرمندہ ضرور ہے، علی زیدی

کراچی(ٹی این آئی) وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ بلاول نے سیلاب متاثرین کی حالت زار کا ذمہ دار وفاقی حکومت کو ٹھہرایا، یہ رویہ بلاول کی ناپختگی اور پیپلز پارٹی کی نا اہلی ظاہر کرتا ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ بلاول نے سیلاب متاثرین کی حالت زار کا ذمہ دار وفاقی حکومت کو ٹھہرایا، پیپلز پارٹی خود مسلسل 12 سال سے سندھ پر حکمرانی اور لوٹ مار کرتی آرہی ہے۔علی زیدی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرانا بلاول کی ناپختگی اور پیپلز پارٹی کی نا اہلی ظاہر کرتی ہے، نہ روٹی نہ کپڑا نہ مکان، یہ سندھ کے عوام کو بے وقوف بنانے کا نعرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو کے داماد اور پوتے نے سندھ کو کرپشن اور گندگی کا حوض بنا ڈالا، سندھ کے لوگوں کی ترقی کے لیے ذوالفقار علی بھٹو کے داماد اور پوتے نے کچھ نہیں کیا۔علی زیدی کا کہنا تھا کہ بھٹو کے سماجی فلاحی ایجنڈے سے مماثل ایجنڈے پر تو تحریک انصاف عمل پیرا ہے، بھٹو زندہ نہیں لیکن شرمندہ ضرور ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے، وفاقی حکومت سندھ کے دیگر علاقوں کی ترقی کے لیے بھی کوشش کرے گی، پیپلز پارٹی کو اس موقع پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے، سندھ حکومت کم سے کم ڈویژن میں گریڈ 21 کے ایڈمنسٹریٹر تعینات کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button