مینار پاکستان گراونڈ میں سیاسی میدان سج گیا، مریم، بلاول ریلیوں کی شکل میں شرکت کریں گے ۔
لاہور (ٹی این آئی) مینار پاکستان گراؤنڈ کا کنٹرول پی ڈی ایم نے سنبھال لیا، پنڈال سج گیا، مریم، بلاول، مولانا ریلیوں کیساتھ شرکت کریں گے، تاہم کنٹینرز نہ پہنچنے کی وجہ سے سٹیج ابھی تک تیار نہیں ہو سکا، کرسیاں اور لائٹس لگانے کا کام رات بھرجاری رہا، خواتین کا الگ انکلوژر بھی تیار، سکیورٹی کا انتظام انصار الاسلام نے سنبھال لیا، ٹینٹ سروس والوں سے کرسیاں نہ ملنے پر پلاسٹک کی کرسیاں خرید کر پنڈال میں لگائی گئیں۔
جلسے کی انتظامیہ نے مینار پاکستان کے چبوترے پر لکڑی کے تختوں کا سٹیج بنانے کی کوشش کی، تاہم کنٹینرز کا ہی سٹیج بنانے کا فیصلہ کیا گیا، اس کے لئے کرین گراؤنڈ میں پہنچا دی گئی ہے، گراؤنڈ میں پی ڈی ایم قائدین کی قد آور تصاویر آویزاں کی گئیں ہیں، جمعیت علمائے اسلام رضاکار تنظیم انصار الاسلام نے پنڈال کی اندرونی سکیورٹی کا نظام سنبھال لیا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن )کی شیر جوان فورس، ایم ایس ایف اور یوتھ ونگ کے نوجوان بھی سکیورٹی فرائض سرانجام دیں گے، جلسے کی کارروائی شرکاء تک پہنچانے کے لئے مرکزی سٹیج کے عقب میں بڑی جبکہ پنڈال کے اندر50 سے زائد سکرینیں لگائی جائیں گی۔
پی ڈی ایم آج لاہور میں سیاسی طاقت دکھائے گی
پی ڈی ایم قیادت نے رات گئے مینار پاکستان کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا، مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ڈی ایم اور عوام نے مینار پاکستان گراؤنڈ کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، عمران خان آؤ خود مدعی بنو اور ہم پر مقدمات بناؤ۔
علاوہ ازیں لیگی قیادت نے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو بروقت مینار پاکستان پہنچے کی ہدایت کر دی۔ لاہور سے باہر سے آنے والے قافلوں کو کسی بھی جگہ رکاوٹ ملنے پر فوری قیادت کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، مریم نواز خود بھی ریلی کی صورت میں جاتی امراء سے مینار پاکستان پہنچیں گی،۔ مریم نواز کی ریلی میں لاہور کی تمام قیادت کارکنوں کے ہمراہ سمیت شامل ہوں گے جبکہ باقی رہنما اپنے اپنے حلقوں سے قافلوں کی صورت میں شرکت کریں گے۔