
لاہور(ٹی این آئی)ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ کی خصوصی ہدایت پر پنجاب بھر میں اینٹی کرپشن کی کرپٹ عناصر کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں ۔ گزشتہ روز اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے نے شہری کی شکایت پر مجسٹریٹ کے ہمراہ چھاپہ مارکر سب انسپکٹر تھانہ غالب مارکیٹ لیاقت علی کو رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
ملزم سب انسپکٹر لیاقت علی نے شہری سے ایک مقدمہ میں مدد دینے کے لیے رشوت طلب کی تھی جس پر شہری بابر علی سکنہ گلبرگ لاہور نے اینٹی کرپشن میں شکایت درج کروائی تھی کہ ملزم سب انسپکٹر اس سے ایک مقدمہ کے سلسلے میں رشوت طلب کر رہا ہے جس پر اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے نے فوری کاروائی کی اور مجسٹریٹ کے ہمراہ چھاپہ مارکر ملزم سب انسپکٹر لیاقت علی کو شہری سے رشوت کی رقم وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ۔ملزم سے موقع پر نشان زدہ نوٹ برآمد ہوئے اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔
ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب بھر میں کرپٹ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کاروائیاں کر رہا ہے اس لئے عوام بے خوف ہو کر کرپٹ عناصر کی نشان دہی کریں ۔ کرپٹ عناصر کو ہر قیمت پر نشان عبرت بنایا جائے گا