
لاہور(ٹی این آئی) محکمہ آبپاشی کا جعلسازی کلرک ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس شیخوپورہ کے افسران اور عملے کی ملی بھگت سے سرکاری خزانے کو کروڑوں کا چونا لگانے میں کامیاب تو ہوگیا پر اینٹی کرپشن کے نرغے میں آگیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ آبپاشی کے ہیڈ کلرک شیخ طاہر محمود نے جعلسازی سے مجموعی طور پر سرکاری خزانے کو ایک کروڑ ستر لاکھ روپے کا ٹیکہ لگایا۔ اینٹی کرپشن ایک کروڑ بارہ لاکھ کی ریکوری کر چُکا ہے۔ ملزم نے اپر گوگیرہ ڈویژن اور اپر چناب کنال ڈویژن محکمہ آبپاشی کے کنوینس فنڈز چُرا لئے۔ملزم نے پچھتر جعلی ملازمین کے اکاؤنٹس میں سرکاری فنڈز ٹرانسفر کئے اور خود نکلوا لئے۔سرکاری فنڈز چرانے والا ماسٹر مائنڈ ملزم شیخ طاہر محمود محکمہ آبپاشی میں ہیڈ کلرک ہے۔ ملزم شیخ طاہر کے پاس ہیڈ کلرک کے علاوہ اکاؤنٹس کلرک گوگیرہ ڈویژن اور اکاؤنٹس کلرک اپر چناب کنال ڈویژن کا اضافی چارج بھی ہے۔
ملزم جعلی چپڑاسیوں اور بیلداروں کے اکاؤنٹس میں آٹھ آٹھ لاکھ سے زائد کنوینس الاؤنس کے فنڈز ٹرانسفر کر کے خود نکلواتا رہا۔ دونوں ڈویژنز کے اکاؤنٹس کلرک کے اضافی چارج کی وجہ سے فنڈز کا ہیر پھیر ملزم کے لئے آسان تھا۔ سرکاری خزانے پر ڈاکے میں ملوث تمام مفادکنندگان کو تفتیش کا حصہ بنایا گیا ہے۔اس حوالے سے اینٹی کرپشن حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان سے سو فیصد ریکوری یقینی بنائی جائے گی اور قانون کے مطابق سزا دلائی جائے گی۔پنجاب بھر میں کرپٹ سرکاری افسران کے گرد کریک ڈاؤن جاری ہے۔