کوئٹہ (ٹی این آئی)گوجرانوالہ اور کراچی کے بعد بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بھی پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا۔
پی ڈی ایم کا جلسہ کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں ہوا جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جلسہ گاہ میں مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے اپنے مطالبات کے حق میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جب کہ جلسہ گاہ میں لاپتہ افراد کے خاندانوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
لاپتہ افراد کے اہل خانہ نے اپنے پیاروں کی تصاویر اٹھا رکھیں تھیں۔
اپوزیشن کے جلسے کے موقع پر کوئٹہ میں ایک روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کی گئی اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی جب کہ اس دوران موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی بند کی گئی۔
دوسری جانب جلسے کے موقع پر شہر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ پی ڈی ایم جلسے کے لیے 5000 سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے اور جلسہ گاہ کی ڈرونز کی مدد سے بھی نگرانی کی گئی۔