لاہور(ٹی این آئی ) ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس کی ہدایت پر اینٹی کرپشن قبضہ مافیا کے خلاف بڑی کاروائی عمل میں لائی گئی جس میں اینٹی کرپشن جھنگ نے پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ آپریشن کیا۔ اینٹی کرپشن جھنگ نے اٹھارہ ہزاری کے علاقہ سے 2057 کنال 18 مرلہ زمین واگزار کرالی۔ واگزار کرایا گیا رقبہ صوبائی حکومت کی ملکیت تھا۔ واگزار شُدہ رقبہ کی مالیت دس کروڑ اٹھائیس لاکھ سے زائد ہے۔ سرکاری اراضی بااثر قابضین سے چکنمبر 10/3 اٹھارہ ہزاری میں واقع تھا۔محمد خان، غلام حسین ، حاجی محمد اور طیب خان عرصہ دراز سے سرکاری زمین پر قابض تھے۔
اس حوالے سے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس کا کہنا تھا کہ قابضین سے تاوان کی وصولی کے لئے محکمہ مال کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ واگزار شدہ رقبہ محکمہ مال کے سپرد کردیا گیا۔ پنجاب بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں جاری ہیں۔