اسلام آباد(ٹی این آئی)وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ اوورسیز فاسٹ ٹریک عدالتوں کا قیام آخری مراحل میں ہے، سمری وزارت قانون کو ارسال کر دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو سٹیزن پورٹل پر اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے حل کے لیے اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت زلفی بخاری نے کی، اجلاس میں تمام صوبوں کے آئی جیز اور سیکریٹری لیبر نے ویڈیو لنک کے ذریعے خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں معاون خصوصی کو پی ایم ڈی یو نے بیرون ملک پاکستانیوں کی شکایات پر بریفنگ دی، آئی جی سندھ اور خیبر پختون خوا کا کہنا تھا کہ سیٹزن پورٹل پر عدالتوں میں زیر التوا مقدمات سے متعلق شکایات سب سے زیادہ ہیں، ہم عدالتی کیسز میں مداخلت کے مجاز نہیں۔معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا کہ اوورسیز فاسٹ ٹریک عدالتوں کا قیام آخری مراحل میں ہے، سمری وزارت قانون کو ارسال کر دی گئی ہے، وزارت قانون سے منظوری کے بعد اوورسیز کے لیے عدالتیں قائم کی جائیں گی۔زلفی بخاری کا کہنا تھا بیرون ملک مقیم پاکستانی کثیر تعداد میں زر مبادلہ بھیجتے ہیں، ان کی شکایات کے فوری حل کو یقینی بنائیں گے، اس سلسلے میں پنجاب اوورسیز کمیشن ایک کامیاب ماڈل ہے، بلوچستان اور خیبر پختون خوا بھی اس طرز پر ایک کمیشن بنائیں۔