
صوبائی الیکشن کمشنر،پنجاب نے کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے حوالے سے سرگودھا اورجہلم کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ
Editor Arshad mahmood Ghumman
لاہور (ٹی این آئی)الیکشن کمشنر، پنجاب غلام اسرار خان نے صوبہ پنجاب میں 12ستمبر 2021ء کو منعقد ہونے والے لوکل گورنمنٹ الیکشن کنٹونمنٹ بورڈزکے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے سرگودھا اورجہلم کنٹونمنٹ کا دورہ کیااور متعلقہ افسران کے ساتھ ملاقات کی۔سرگودھا اورجہلم میں منعقد ہونے والے اجلاس میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرسرگودھا عامر جاوید، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرجہلم محمد ندیم،متعلقہ ریٹرننگ افسران،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرسرگودھاارشد احمد وٹو، اسسٹنٹ کمشنرجہلم ذوالفقار احمد،نمائندہ ڈسٹرکٹ پولیس آ فیسرسرگودھا مزمل اورنمائندہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرجہلم محمد اکرم گوندل نے شرکت کی۔
اجلاس میں افسران نے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کو کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور دیگر انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع سرگودھا میں ایک کنٹونمنٹ بورڈ موجود ہے جس میں 10وارڈز ہیں،جن میں 58امیدوار ان اانتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔سرگودھا کنٹونمنٹ بورڈ میں 34,832رجسٹرڈ ووٹرز موجود ہیں جبکہ پولنگ ڈے کیلئے59پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے جن پر 59پریزائیڈنگ افسران،187اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور187پولنگ افسران خدمات سرانجام دیں گے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا کے نمائندے ASP مزمل نے سیکورٹی پلان کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سرگودھا کنٹونمنٹ میں 19انتہائی حساس، 17حساس اور 23نارمل پولنگ اسٹیشنز کا اعادہ کیا گیا ہے جبکہ ان پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ ڈے پر امن و امان قائم رکھنے کیلئے اور الیکشن میٹریل پولنگ اسٹیشنز تک اور انتخابی نتائج ریٹرننگ افسر کے دفتر پہنچانے کیلئے پولیس کی خاطر خواہ نفری تعینات کی جائے گی۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور ریٹرننگ آفیسر نے انتظامی امور کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ الیکشن میٹریل ریٹرننگ آفیسر کو موصول ہوچکا ہے جبکہ 11ستمبر کو اس کی ترسیل و تقسیم پریذائیڈنگ افسران کو کر دی جائیگی۔پولنگ ڈے کیلئے تصاویر والی انتخابی فہرستیں موصول ہوچکی ہیں جبکہ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے امیدواران کے ساتھ ملاقات کی گئی ہے جس میں امیدواران نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کی ہدایات پر مکمل عمل درآمد کریں گے۔
ضلع جہلم کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کو آگاہ کیا گیا کہ جہلم میں 2کنٹونمنٹ بورڈز موجود ہیں جن میں منگلہ اور جہلم کنٹونمنٹ شامل ہیں۔ ان 2کنٹونمنٹ بورڈز میں 4وارڈز موجود ہیں جبکہ یہاں 13امیدواران انتخابی عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔جہلم میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 8,538ہے جبکہ یہاں 8پولنگ اسٹیشن اور32پولنگ بوتھ قائم کئے جائیں گے، جن میں 8پریزائیڈنگ افسران،32اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران اور32پولنگ افسران خدمات سر انجام دیں گے۔ جہلم میں بھی 11ستمبر کو الیکشن میٹریل کی ترسیل پریذائیڈنگ افسران کو کر دی جائیگی۔
بریفنگ کے بعد صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب، غلام اسرار خان نے متعلقہ افسران اور انتظامیہ کواہم ہدایات جاری کیں۔انہوں نے چیف الیکشن کمشنر پاکستان کے پیغام اور ان کی ہدایات کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کے انعقادمیں کسی قسم کی کوتاہی اور دھاندلی کو برداشت یا نظر انداز نہیں کیا جائیگا۔چیف لیکشن کمشنر کی واضح ہدایات کے مطابق انتظامیہ، پولنگ عملے یا انتخابی عمل میں شامل کسی بھی فرد کے خلاف بد انتظامی، دھاندلی یا کسی بھی قسم کی شکایت موصول ہونے پر ذمہ داران کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ علاوہ ازیں صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ کے اختتام پر اگر امیدوار یا انکے پولنگ ایجنٹ پولنگ اسٹیشن پر موجود ہوں تو ووٹوں کی گنتی اور رزلٹ کی تیاری انکے سامنے کی جائے۔ریٹرننگ افسران پریزائیڈنگ افسران کے رابطہ نمبروں کا ریکارڈ اپنے پاس رکھیں اور پولنگ ڈے پر ان سے رابطے میں رہیں۔ پولنگ ڈے کے قریب بغیر کسی غیر معمولی وجہ کہ انتخابی عملے میں سے کسی کی بھی ڈیوٹی کو تبدیل نہ کیا جائے۔علاوہ ازیں پریذائیڈنگ افسران سے رزلٹ وصول کرتے وقت اچھی طرح جانچ کر لی جائے اور اسے دوبارہ چیک کر کے وصول کیا جائے۔انتظامیہ کو ہدایات دیتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا کہ پولنگ ڈے پر اور انتخابی سامان کی ترسیل کے دوران کرونا SOPs پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ پولنگ ڈے پر کسی قسم کا نا خوشگوار واقع نہیں ہونا چاہئیے۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ پولنگ ڈے کی تیاری میں موسم کی صورتحال کو خاص طور پر ملحوظ خاطر رکھا جائے اور ہر طرح کے حالات سے نمٹنے کیلئے پہلے سے تیاری کی جائے۔