
ضمنی الیکشن حلقہ پی پی 84 خوشاب:الیکشن کو شفاف بنانے کےلئے حساس پولنگ اسٹیشن پر CCTVکیمرے نصب کئے جائیں گے ۔الیکشن کمیشن
ایڈیٹر انچیف: ارشد محمود گھمن
لاہور (ٹی این آئی)چیف الیکشن کمشنر پاکستان کا PP-84خوشاب کے ضمنی انتخاب کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس
چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان، جناب سکندر سلطان نے حلقہ PP-84خوشاب میں 5مئی کو منعقد ہونے والے ضمنی انتخاب کی تیاریوں کے حوالے سے دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب لاہور میں متعلقہ افسران کے ساتھ اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب، غلام اسرار خان، جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر، سعید گل، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، خورشید عالم،ڈپٹی کمشنر خوشاب، مسرت جبین، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خوشاب، محمد نوید، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر رائے سلطان بھٹی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ملاقات میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے چیف الیکشن کمشنر جناب سکند سلطان کو 5 مئی کو منعقد ہونے والے ضمنی انتخاب کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جس میں الیکشن میٹیرئیل کی ترسیل اور واپسی کا پلان، ٹرانسپورٹ پلان، سیکیورٹی کے انتظامات اورپولنگ عملے کی تعیناتی کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ حلقے میں ایک سنٹرل کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔حلقے میں تمام پولنگ اسٹیشنز کی لوکیشن کو GIS سسٹم کے ذریعے جیو ٹیگ کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں انتخابی عمل کے دوران کرونا وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرنے چیف الیکشن کمشنر کو حلقے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں اور ان کے خلاف لئے گئے ایکشن کی رپورٹ پیش کی۔ جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے سیکیورٹی پلان کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کو بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر، خوشاب نے چیف الیکشن کمشنر کو پولنگ اسٹیشنز پر انتظامات کے حوالے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ تمام شدید حساس
پولنگ اسٹیشنز پر CCTV کیمرے نصب کئے جا رہے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے تمام انتظامات پر اطیمینان کا اظہار کیا اور افسران کو ہدایات دیں کہ آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخاب کے انعقاد میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں اور کسی بھی قسم کے دباؤ کو ملحوظ خاطر نہ لائیں۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن کو یقینی بنائیں۔ نتائج کی تیاری کوبغیر کسی تاخیر کے یقینی بنائی جائے۔ پریزائیڈنگ آفیسر کو ہدایات دیں گہ وہ فارم 45 تیار کر کے اسکی کاپی پولنگ ایجنٹ کو دے اور فارم کی تصویر اتار لے۔ انہوں نے کہا کہ شفاف الیکشن کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن، انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کا ساتھ مل کر چلنا بہت ضروری ہے۔