اہم خبریںپاکستان

یقین ہے متحد ہو کر ہم تمام رکاوٹوں کو عبور کر لیں گے، صدر اور وزیراعظم کا یوم پاکستان پر پیغام

Chief Editor Arshad Mahmood Ghumman

صدر مملکت نے کہا کہ آئیے آج ہم اپنےگزشتہ سفر پر غور کریں، اپنی کامیابیوں کا جشن منائیں، ایک خوشحال اور متحد پاکستان کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کریں، 1940 کی قرارداد پاکستان ہماری تاریخ میں ایک اہم موڑ کی حیثیت رکھتی ہے، اس قرارداد سے 14 اگست 1947 کوپاکستان کے قیام کا راستہ ہموار ہوا، قائداعظم اور ساتھیوں نے علامہ اقبال کے خواب کو حقیقت میں ڈھالنے کیلئے انتھک محنت کی، آج کے دن ہم ان کےعزم اور قربانیوں کا اعتراف  کرتے ہیں۔

 

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آزادی سے لے کر اب تک کے سفر میں ہم نے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور ہماری مسلح افواج، سول انتظامیہ اور پولیس نے قوم کی سلامتی اور خودمختاری کویقینی بنایا۔آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ پوری قوم جمہوریت، انصاف اور مساوات کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرے، مجھے یقین ہے ہم متحد ہو کر تمام رکاوٹوں کو عبور کریں گے، پیارے پاکستان کیلئے ایک بہتر اور  روشن مستقبل کی جانب گامزن ہوں گے۔

 

 

یوم پاکستان پر  وزیر اعظم شہباز شریف کا پیغام 

اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ ہماری تاریخ کا ایک اہم دن ہے، 1940 میں اسی دن قرار داد لاہور کے ذریعے علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا گیا، لاکھوں مسلمانوں نے ہندوستان میں اپنے گھر بار چھوڑ کر پاکستان ہجرت کرنےکا فیصلہ کیا اور ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان کیلئے بےمثال قربانیاں دیں۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان بنا تو نئی ریاست کو بے پناہ چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا، سماجی، اقتصادی ڈھانچے، ریاستی اداروں کی تشکیل اور مہاجرین کی آبادکاری بڑے چیلنج تھے، نئی ریاست کو انتہائی کم وسائل کے ساتھ اپنے سفر کا آغاز کرنا پڑا، قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں آزاد جمہوری ریاست کی بنیاد رکھی گئی۔

 

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام نے 8 فروری 2024 کے انتخابات میں اپنے نمائندوں کو منتخب کیا، الیکشن کے نتیجے میں وفاقی اور صوبائی سطح پر حکومتیں وجود میں آ چکی ہیں، ہم پاکستان کو درپیش سنگین چیلنجوں سے پوری طرح آگاہ ہیں، مہنگائی، بےروزگاری، گردشی قرضہ، مالیاتی اور تجارتی خسارہ، دہشت گردی چیلنج ہیں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ بحیثیت قوم ہم نے غیرمعمولی حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنا ہے، ایک مربوط پالیسی اصلاحات کے فریم ورک کے ساتھ پاکستان کو معاشی بحالی اور خوشحالی کی راہ پرگامزن کرنےکیلئے پرعزم ہیں، امید ہے ان اقدامات سے معاشی استحکام آئے گا اور ہم مہنگائی پر قابو  پالیں گے۔

 

وزیراعظم نے اپنے پیغام کے آخر میں کہا کہ آئیے آج کے دن پاکستان کو امن، ترقی اور استحکام کا گہوارہ بنانے کے اپنے عزم کی تجدیدکریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button