
راولپنڈی (ٹی این آئی)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جی ایچ کیو میں 20ویں نیشنل ورکشاپ میں بلوچستان کےشرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی مستقل حمایت سے بلوچستان میں دیرپا امن قائم ہوگا جس کیلئے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے ملک سے دہشتگردی اور اس کے حامیوں کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشنز پورے عزم کے ساتھ جاری رہیں گے۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کرنے کے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عوام کیلئے خطرہ بننے والے دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کریں گے، غیرملکی اسپانسرڈ پراکسیز نے بلوچستان میں امن کو خراب کرنے کی کوشش کی اور ان پراکسیز نے تشدد کو مسلسل ہوا دینے،استحکام کونقصان پہنچانے کی بھی کوشش کی لیکن افواج پاکستان مضبوط اورفیصلہ کن ردعمل کے ذریعے غیرملکی پراکسیز کے عزائم کو شکست دیں گی۔

سید عاصم منیر کا کہناتھا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے، جو قدرتی دولت سے مالا مال ہے ،اللہ نے بلوچستان کو محب وطن لوگوں سے نوازا ، جوصوبے کی سب سےبڑی طاقت ہیں۔فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے جاری ترقیاتی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ ان منصوبوں کا مقصد عوامی نقطہ نظر کےذریعے بلوچستان کےسماجی و اقتصادی منظر نامے بدلنا ہے۔
سپہ سالار نے ملک کے مستقبل کی سمت ترتیب دینے کیلئے قومی اتحاد اور استقامت کی ضرورت پر زور دیا، شرکا کی جانب سے پاکستان کے استحکام، ترقی اور خودمختاری کے لئے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا ۔
