انٹرنیشنلاہم خبریں

امریکا سےکسی قسم کی بات چیت نہیں ہو رہی’، ایران نے ٹرمپ کے مذاکرات کے دعوے کو مسترد کردیا،ایران

ویب ڈیسک

 ایران  نے ٹرمپ کی جانب  سے  مذاکرات کے  بیان کو  مسترد کرتے  ہوئے کہا ہے کہ  اس کا مقصد توانائی کی قیمتوں کو کم کرنا  اور  اپنے فوجی منصوبوں  پر  عملدرآمد کے لیے  وقت  حاصل کرنا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہےکہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان کسی قسم کی کوئی بات چیت نہیں ہو رہی۔

ایرانی  وزارت  خارجہ کا کہنا ہےکہ امریکی صدر  ٹرمپ کے بیانات کا مقصد توانائی کی قیمتوں کو کم کرنا اور اپنے فوجی منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے وقت حاصل کرنا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ  خطے کے کچھ ممالک کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، علاقائی ممالک کی جانب سے کچھ تجاویز سامنے آئی ہیں تاہم  ان تمام تجاویز اور درخواستوں کا رخ واشنگٹن کی طرف موڑنا چاہیے، ہمارا جواب واضح ہےکہ ہم وہ فریق نہیں جس نے یہ جنگ شروع کی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایک  سینئر ایرانی سکیورٹی عہدیدار نے بھی کہا ہےکہ واشنگٹن اور تہران میں کوئی بات چیت نہیں ہورہی۔

سینئر سکیورٹی عہدیدار نے ٹرمپ کے بیان کو نفسیاتی جنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ  ایران کے جوابی حملوں کی دھمکی نے امریکا کو حملے ملتوی کرنے پر مجبورکیا۔

ایران سے مثبت اور نتیجہ خیز بات ہوئی ہے، ڈونلڈٹرمپ

خیال رہے کہ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکا اور ایران کی بہت مثبت بات چیت ہوئی ہے، مشرق وسطیٰ میں جنگ کے مکمل اور حتمی حل سے متعلق انتہائی اچھی اور نتیجہ خیز گفتگو ہوئی ہے، تفصیلی اور تعمیری بات چیت پورا ہفتہ جاری رہے گی،امریکی محکمہ جنگ سے کہا ہےکہ ایرانی پاور پلانٹس اور انرجی تنصیبات پر ہر قسم کے فوجی حملے پانچ دن کے لیے روک دیں۔

امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے ایرانی پاور پلانٹس پر حملے ملتوی کرنے کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی آگئی۔

امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ کے اعلان کے باعث تجارتی اوقات سے قبل ہی تیل کی قیمتیں تیزی سے گرگئیں۔

ٹرمپ کے اعلان کے بعد برطانوی خام تیل برینٹ کروڈ کی قیمت 109 ڈالر فی بیرل سے 94 ڈالر آئی تاہم دوبارہ 97 ڈالر سے اوپر چلی گئی۔ اس وقت برینٹ کروڈ 100 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے۔

دوسری جانب امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت بھی 10 فیصد تک کم ہونے کے بعد 88.80 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button