
موجودہ ملکی صورتحال میں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے
حکومت پنجاب تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق
لاہور(ٹی این ائی)صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی محمد علی نیکوکارہ، ڈی جی اوقاف حافظ انیس الرحمن، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ عبدالرؤف، سابق سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری، سی سی او پنجاب سنٹر آف ایکسیلینس آن وائلنٹ ایکسٹریمزم غلام صغیر شاہد اور ڈاکٹر احمد خاور شہزاد ہمراہ تھے۔
اس موقع پر مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹر حافظ محمد عبد الکریم موجود تھے۔ اس موقع پر مولانا عبدالرشید حجازی ناظم اعلی مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان، ڈاکٹر علی محمد علی تراب سینئیر نائب امیر، ڈاکٹر رانا محمد شفیق خان پسروری نائب امیر، پروفیسر چوہدری یاسین ظفر ناظم اعلی وفاق المدارس السلفیہ پاکستان، ڈاکٹر عبدالغفور راشد ناظم ذیلی تنظیمات مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان، ملک سلیمان منگلہ رابطہ سیکرٹری اور حافظ فیصل افضل شیخ ناظم مالیات مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان موجود تھے۔ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق سمیت دیگر افسران نے جماعت اہل حدیث پاکستان کے مرکزی دفتر کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کیا۔ ملاقات کے دوران اتحاد بین المسلمین اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ قیام امن کی خاطر علماء کرام کا کردار انتہائی اہم ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ موجودہ ملکی صورتحال میں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حکومت پنجاب تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عالمی سطح پر ثالثی کی حیثیت میں بڑی عزت سے نوازا ہے۔
سینٹر آف ایکسیلینس آن وائلنٹ ایکسٹریمزم دہشتگردی کے خلاف اور قیام امن کیلئے حکومت پنجاب کا انتہائی عمدہ اقدام ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اس موقع پر کہا کہ معاشرے کو فلاح کی جانب گامزن کرنے میں علماء کرام کا کلیدی کردار ہے۔ حکومت پنجاب نے آئمہ مساجد صاحبان کیلئے 21 ارب کی لاگت سے تاریخی منصوبہ شروع کیا۔ اب تک پنجاب بھر میں آئمہ مساجد صاحبان میں 6 ارب روپے بطور اعزازیہ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ سینٹر آف ایکسیلینس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم کے عظیم مقصد کے حصول کیلئے تمام مکاتب فکر کی یکساں اہمیت ہے۔
امیر مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان سینیٹر حافظ عبد الکریم نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق، سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور دیگر افسران و احباب کو جماعت اہل حدیث پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ قیام امن کی خاطر بنیادی اقدامات اٹھانے پر حکومت پنجاب کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ پیغام پاکستان کی ترویج اور قیام امن کیلئے حکومت کی ہر ممکن مدد کریں گے۔
٭٭٭٭
