
اسلام آباد(ٹی این آئی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے خطے میں جاری کشیدگی کو پاکستان کے لیے اہم سبق قراردیتے ہوئے کہا کہ توانائی کے متبادل ذرائع کی جانب فوری منتقلی ناگزیر ہے۔وفاقی دارالحکومت میں کیپیٹل مارکیٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ کی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے محمد اونگزیب کا کہنا تھا پاکستان کی قیادت خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے متحرک ہے، علاقائی کشیدگی ہمارے لیے اہم سبق ہے، علاقائی کشیدگی کے پیش نظر محتاط حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی، توانائی کے متبادل ذرائع کی جانب فوری منتقلی ناگزیر ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا معاشی ترقی کے لیے کیپیٹل مارکیٹ کا کردار نہایت اہم ہے مشکل حالات کے باوجود ہماری معیشت درست سمت میں گامزن ہے، چیلنجز کے باوجود پاکستان اسٹاک مارکیٹ مستحکم رہی، معاشی اشاریوں میں مسلسل بہتری آ رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا حکومت کی توجہ کرنٹ اکاؤنٹ اور مالی خسارے پر مرکوز ہے، خود انحصاری ہی معاشی استحکام کا اصل راستہ ہے، ملکی ترقی کے لیے مقامی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہوگا، سرمایہ کاروں کو اپنے ملک میں سرمایہ لگانے کی ترغیب دینا ہو گی، قومی معیشت کے استحکام کے لیے داخلی وسائل پر انحصار ضروری ہے۔
