
ویب ڈیسک
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان منشیات کی اسمگلنگ اور نشہ آور اشیاء کی روک تھام میں تعاون کے لیے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، انٹرنل سکیورٹی اور سول آرمڈ فورسز کی ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈھاکا میں بنگلادیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد سے ملاقات کی۔اس موقع پر محسن نقوی نے بنگلادیشی ہم منصب کو سیف سٹی پروجیکٹ میں مکمل تعاون کی پیش کش کی۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سیکرٹری لیول کا جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا۔محسن نقوی نے بنگلادیشی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، انٹرنل سکیورٹی اور سول آرمڈ فورسز کی ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دونوں ممالک کا دوطرفہ تعاون اور تعلقات مزید مضبوط بنانےکے عزم کا اظہار
وفاقی وزیر داخلہ نے بنگلادیشی وزیر مملکت برائے خارجہ امور شمع عبید اسلام سے بھی ملاقات کی۔بنگلادیشی میڈیا کے مطابق ملاقات میں بنگلا دیش اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، دونوں ممالک کے وزراء نے علاقائی روابط اور عوامی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیا۔
ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تجارت، کھیل، ثقافت، خواتین کی کاروباری سرگرمیوں، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، اور ڈیجیٹل جدت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔دونوں ممالک نے عوامی سطح پر روابط بڑھانے اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ دوطرفہ تعلقات مزید گہرے ہوسکیں۔
