
اسلام آباد(ٹی این آئی) پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق بنوں میں پولیس چوکی پر ہونے والے حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں موجود دہشتگردوں نے کی۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بنوں میں 9 مئی کے دہشتگرد حملے میں 15 پولیس اہلکار شہید اور 4 افراد زخمی ہوئے، تحقیقات، شواہد اور تکنیکی انٹیلیجنس سے ثابت ہوا کہ حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں موجود دہشتگردوں نے کی۔
دفتر خارجہ کے مطابق بنوں حملے پر افغان ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کرکے سخت احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا، پاکستان نے افغان سرزمین دہشتگردی کےلیے استعمال ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
دفترخارجہ کے مطابق اقوام متحدہ اور عالمی اداروں کی رپورٹس میں افغان سرزمین پر دہشتگرد تنظیموں کی موجودگی اور سرگرمیوں کا ذکر مو()د ہے اور پاکستان نے واضح کیا ہے کہ اس بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں کےخلاف فیصلہ کن کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے دوست ممالک کی ثالثی میں افغان طالبان سے کئی مذاکرات کیے، لیکن افغان طالبان دہشتگرد گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائی میں ناکام رہے، پاکستان اپنی قومی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
