
کراچی(ٹی این آئی)کراچی کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کے دوران گھنٹوں طویل لوڈشیڈنگ سے شہری اذیت میں مبتلا ہوگئے، مستثنیٰ علاقوں میں بھی بجلی کی غیر اعلانی بندش نے عوام کا جینا مشکل کردیا۔کہنے کو تو کراچی عروس البلاد ہے، لیکن اس کا شاید ہی کوئی کونا ایسا ہو جہاں بجلی کی آنکھ مچولی جاری نہ ہو۔ یہاں ہزاروں روپے کے بل بھرنے کے باوجود بجلی ہلال عید کی طرح مختصر مدت کے لیے جلوہ دکھاتی ہے۔
حال یہ ہے کہ مستثنیٰ قرار دیے گئے علاقوں میں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہورہی ہیں ۔کیماڑی، کھارادر، لیاری، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن ، سعید آباد اور گلشن اقبال سمیت درجنوں علاقے ہیں جہاں کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش معمول بن گئی ہے، جبکہ لیاقت آباد سی ون ایریا، ناظم آباد، گلبہار، رضویہ اور پاک کالونی سمیت کئی علاقوں کے مکین بھی اس کی مسلسل بندش سے گرمی میں کھول رہے ہیں ۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی اور حبس میں طویل لوڈشیڈنگ نے زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ بجلی نہ ہوتو پانی کا بحران بونس کے طور پر ملتا ہے۔ دوسری جانب کے الیکٹرک کا مؤقف وہی گھسا پٹا ہے کہ بعض علاقوں میں تکنیکی مسائل اور لائن لاسز کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ ان تسلیوں سے بہلنے والے نہیں ۔ متعلقہ حکام غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیں اور بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
