اہم خبریںکھیل

پاکستان آسٹریلیا انٹرنیشنل ون ڈے سیریز کا تیسرا میچ:8 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات

پنجاب پولیس کے سکیورٹی انتظامات مکمل قذافی سٹیڈیم، ٹیموں کی قیام گاہوں اور روٹس پر سکیورٹی مزید سخت

لاہور(ٹی این آئی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی ہدایت پر پنجاب پولیس کے افسران و اہلکار پاکستان آسٹریلیا انٹرنیشنل ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ کے موقع پر قذافی سٹیڈیم لاہور، ٹیموں کی قیام گاہوں، روٹس اور دیگر متعلقہ مقامات پر بھرپور سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کے لیے تیار ہیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ٹیموں، میچ آفیشلز اور شائقینِ کرکٹ کی سکیورٹی جبکہ سی ٹی او لاہور ٹریفک انتظامات کو مؤثر اور مکمل بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں، شائقینِ کرکٹ اور شہریوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ میچ کے دوران ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، ٹریفک پولیس سمیت 8 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی و ٹریفک ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ٹیموں کے روٹس، قیام گاہوں اور قذافی سٹیڈیمکے اطراف حفاظتی انتظامات مزید سخت کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ میچ کے دوران ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ (پیرو) اور ایلیٹ فورس کی پٹرولنگ میں مزید اضافہ کیا جائے۔

آئی جی پنجاب نے سینئر پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ قبل از وقت تمام سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیموں کی قیام گاہوں، روٹس اور سٹیڈیم کے گرد و نواح میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے جبکہ ٹیموں کے روٹس، بلند عمارتوں، سٹیڈیم اور اہم مقامات پر سنائپرز بھی تعینات کئے جائیں۔

آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ تمام پولیس افسران اور جوان الرٹ رہیں اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شائقین کرکٹ کو تین درجاتی سکیورٹی حصار اور مکمل چیکنگ کے بعد ہی سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی جائے۔آئی جی پنجاب نے پولیس اہلکاروں کو شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہری بھی دورانِ چیکنگ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ پرامن اور محفوظ ماحول میں میچ کا انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button