
پنجاب میں صحت کی 24 نئی اسکیموں کیلئے81 ارب سے زائد بجٹ مختص کرنے کی تجویز
گوجرانوالہ میں مریم نواز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی قائم ہو گا جس کیلئے 14 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے
لاہور(ٹی این آئی)نجاب میں صحت کی 24 نئی اسکیموں کیلئے 81 ارب سے زائد بجٹ مختص کرنے کی تجویز دیدی گئی ۔تفصیلات کے مطابق: 2026-27 مالی سال میں ہیلتھ اسکیموں کیلئے 26 ارب 45 کروڑ مختص کرنے کی تجویز دیدی گئی ہے، باقی ماندہ فنڈز آئندہ برسوں کے دوران جاری کیے جائیں گے، گوجرانوالہ میں مریم نواز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی قائم ہو گا جس کیلئے 14 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے ۔
میانوالی میں مریم نوازمیڈیکل کالج اورٹیچنگ اسپتال قائم کرنے کی بھی دیدی گئی ہے ، بہاولپور چلڈرن اسپتال کے قیام پر مجموعی طورپر23 ارب 37 کروڑ مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔ ڈیرہ غازی خان میں کلثوم نواز کینسر اسپتال قائم کرنے ، میواسپتال کے اے وی ایچ بلاک کی تعمیرِ نو پر 3 ارب 50 کروڑ مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔
لاہورمیو اسپتال او پی ڈی کی بحالی کیلئے3ارب روپے مختص کرنے ، بہاولپور کے بہاول وکٹوریہ اسپتال کے آنکولوجی یونٹ کیلئے کل 2 ارب 48 کروڑ روپے ، سرگودھا کے اسپتال میں ایمرجنسی تھیٹرز کمپلیکس کے منصوبے کی تجویز دی گئی ہے ۔
راولپنڈی کے اسپتالوں میں فلٹر کلینکس قائم کرنے کی سفارش کی گئی ہے، راولپنڈی ہولی فیملی اور بینظیر بھٹو اسپتال کے ویٹنگ ایریاز کی لاگت 17 کروڑ روپے ہوگی ۔لاہور چلڈرن اسپتال فارمیسی اسٹور کی تعمیر کے لیے 95 کروڑ 27 لاکھ ، چلڈرن اسپتال پیتھالوجی ڈیپارٹمنٹ اپ گریڈیشن پر 1 ارب 27 کروڑ روپے ، ملتان چلڈرن اسپتال صحت سہولیات توسیعی منصوبے کے لئے 30 کروڑ 42 روپے، گجرات عزیز بھٹی شہید ہسپتال نیورو آرتھو بلاک بحالی کے لیے 34 کروڑ روپے، ڈی مونٹمورینسی ڈینٹسٹری کالج لاہور کے نئے بلاک کے لیے 30 کروڑ روپے، سروسز ہسپتال لاہور ایمرجنسی و گائنی بلاک لفٹوں کے لیے 7 کروڑ مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔
پنجاب کے ہسپتالوں کے لیے 4 نیورو کیتھ لیبز کی خاطر 1 ارب 75 کروڑ روپے، فیصل آباد کارڈیالوجی ایمرجنسی بلاک نئے آلات کے لیے 1 ارب 65 کروڑ روپے، ٹیرشری کیئر ہسپتالوں کے دیگر ضروری آلات کے لیے 2 ارب روپے ، لاہور اور گجرات ہسپتالوں کی 2 ایم آر آئی مشینوں کے لیے 1 ارب 6 کروڑ روپے، جناح انسٹی ٹیوٹ کارڈیالوجی ہیلتھ مینجمنٹ سسٹم کے لیے 10 کروڑ روپے، راولپنڈی کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ او پی ڈی سسٹم کے لیے 10 کروڑ روپے، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کی جدید مشینوں کے لیے 32 کروڑ 80 لاکھ روپے، ادھورے منصوبوں اور ٹیکس واجبات کی کلیئرنس کے لیے 50 کروڑ مختص کرنے کی سفارش کر دی گئی ۔
