
لاہور(ٹی این آئی)متروکہ وقف املاک بورڈ،ETPB وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیرِ انتظام گرو ارجن دیو جی،جوڑ میلہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے آئے سکھ یاتری 10 روزہ مذہبی دورہ مکمل کرنے کے بعد واہگہ بارڈر کے راستے واپس روانہ ہو گئے۔اس موقع پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان، پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑا، ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق، سیکرٹری جنرل PSGPC ستونت کور سمیت دیگر حکام نے واہگہ بارڈر پر یاتریوں کو الوداع کیا۔
واہگہ بارڈر پر گفتگو کرتے ہوئے بھارتی جتھا لیڈر سردار بھوپندر سنگھ نے کہا کہ ہم پاکستان سے محبت، امن اور رواداری کا پیغام لے کر واپس جا رہے ہیں۔ ہمارے گردوارے پہلے سے زیادہ محفوظ اور خوبصورت ہیں۔ انہوں نے بہترین مہمان نوازی اور عزت افزائی پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ، پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
چیئرمین متروکہ و وقف املاک بور قمرا لزمان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے ویژن کے مطابق پاکستان میں سکھوں کہ مقدس مقامات کی حفاظت،تزین و ارائش اور یاترا کے لیے انے والوں کی بہترین مہمان نوازی کی جاتی ہے۔
پردھان پی ایس جی پی سی سردار رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ اگرچہ سکھ پاکستان میں اقلیت ہیں، تاہم پوری دنیا کا سکھ پاکستان کی نمائندگی کرتا ہے اور مقدس مقامات سے عقیدت رکھتا ہےپاکستان نے ہمیشہ سکھ برادری کو عزت و احترام دیا ہے۔
ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے کہا کہ بھارت سمیت دنیا بھر کے سکھ پاکستان میں مقدس مذہبی مقامات کی یاترا کے لیے بے تاب رہتے ہیں۔ ہم سکھ یاتریوں کی خدمت اور مہمان نوازی کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے سکھ یاتریوں کا ایک اور جتھا 21 جون کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچے گا۔
بھارتی سکھ یاتریوں نے واپسی پر ٹرانسپورٹ، میڈیکل،رہائش ،لنگر اور بہترین سیکیورٹی کی فرامی پرحکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا اور خوبصورت یادیں ساتھ لے کر بوجھل دل کے ساتھ بھارت روانہ ہو گئے۔
