
پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے پمپس کی بندش کے حوالے سے ہڑتال کی کال واپس لے لی۔اسلام آباد میں وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری اطلاعات پٹرولیم پمپ اونرز ایسوسی ایشن ندیم عزیز کا کہنا تھا کہ ہمیں علی پرویز ملک پر مکمل اعتماد ہے اور امید ہے دو ہفتے میں مارجن کا معاملہ حل ہو جائے گا۔
علی پرویز ملک کی گفتگواس موقع پر وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ آل پاکستان پیٹرول پمپس اونر ایسوسی ایشن اور دیگر تنظیموں کا مشکور ہوں، جو خطے میں صورتحال بنی ہے اس سے ہم سب تکلیف میں ہیں اور وزیر اعظم اور حکومت عوام کی مشکلات سے آگاہ ہیں۔
وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے آگے بند باندھنے کی مسلسل کوشش کی ہے اور فروری سے اب تک حکومت کئی 100 ارب روپے خرچ کر چکی جبکہ حکومت نے ٹارگٹڈ سبسڈی کا نظام بھی متعارف کرایا لیکن اب خطے میں دوبارہ جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پہاڑ بن کر کھڑا ہے۔
علی پرویز کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتیں پھر بڑھ رہی ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر خطے کو جنگ سے نکالنے کیلئے کوشاں ہیں اور ہم عالمی معاہدوں کو دیکھتے ہوئے اپنے ملک کا نظام چلا رہے ہیں، اوگرا کے ساتھ مل کر ڈیلرز کے مسائل حل کرانےکی یقین دہانی کراتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیلرز مارجن کے معاملے پر کابینہ میں سمری بھیجی جائے گی اور آئندہ دو ہفتے میں مارجن کا معاملہ حل کرکے خوشخبری دینگے جبکہ ڈیلرز کی مشاورت سے دو ہفتوں میں معاملہ حل کرینگے۔
