
اسلام آباد(ٹی این آئی)ٹیکسلا میں دو روز قبل ٹک ٹاکر شمسو بی عرف عائشہ کو گولی مار کر قتل کردیا گیا۔ والد کے مطابق پولیس نے دو روز قبل مقدمہ تو درج کرلیا۔ تاہم ملزمان اب بھی آزاد ہیں۔مقتولہ کے والد کا کہنا ہے کہ عائشہ کو اس کے دوستوں کاشف، کوثر اور جاوید عرف شاہین نے قتل کرایا، کاشف کے بلانے پر بیٹی گھر سے نکلی، نامعلوم موٹرسائیکل سوروں نے فائرنگ کرکے قتل کیا۔ مدعی مقدمہ کے مطابق عائشہ نے کوثر اور جاوید کو پلاٹ فروخت کیا تھا،رقم کے تقاضے پر ملزمان نے قتل کرایا۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں نامزد 3 ملزمان کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع دیر سے ہے، مقتولہ عائشہ کا تعلق بھی دیرسے ہے،7 سے 8 ماہ قبل ٹیکسیلا شفٹ ہوئی تھی۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مقتولہ کے والدکا کہنا ہےکہ بیٹی کےموبائل پرکاشف نام کے شخص کی کال آئی، وہ بھائی،بہن کے ساتھ باہرچلی گئی،کچھ دیر بعد مجھے اطلاع ملی کی میری بیٹی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، ٹی ایچ کیو اسپتال ٹیکسلا جا کر بیٹی کی لاش کی شناخت کی، دوسری بیٹی اور بیٹا زخمی تھے۔
ایف آئی آر کے مطابق مدعی مقدمہ کا کہنا ہےکہ بیٹے نے بتایا کہ موٹرسائیکل پرپیچھے بیٹھے شخص نے فائرنگ کی، بیٹی کو گردن پرگولی لگی، جس سےگاڑی بےقابو ہوکر ڈمپر سے ٹکرائی۔ مقتولہ کے والدکا کہنا ہےکہ بیٹا ملزمان کو سامنے آنے پر شناخت کرسکتاہے۔
