
لاہور (ٹی این آئی)اینٹی کرپشن نے محکمہ مال کے ساتھ مشترکہ کاروائی کرکے قبضہ مافیا سے دوبارہ زمین واگزار کرا لی۔ محکمہ ہاؤسنگ اینڈ فزیکل پلاننگ کی سال قبل واگزار شدہ زمین پر دوبارہ مسلط قابضین کے خلاف کاروائی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق خوشاب اور راجن پور سے دس کروڑ سے زائد کی سرکاری اراضی واگزار کروا لی گئی۔ جوہر آباد میں محکمہ ہاؤسنگ اینڈ فزیکل پلاننگ کی آٹھ کنال بارہ مرلہ زمین کو قبضہ مافیا سے دوبارہ واگزار کرالیا گیا۔ پچھلے سال فروری میں یہی زمین واگزار کرائی گئی جس پر مافیا پھر قابض ہوگیا۔واگزار کرائی گئی زمین کی مالیت آٹھ کروڑ ساٹھ لاکھ روپے ہے۔سرکل آفیسر خوشاب کی سربراہی میں اینٹی کرپشن اور محکمہ مال نے مشترکہ کاروائی کی۔اراضی پر موجود چارہ کی فصل کو تلف کر کے رقبہ متعلقہ محکمہ کے حوالے کردیا گیا۔
قبضہ مافیا کے خلاف دوسری کاروائی چک جدید روجھان ضلع راجن پور میں کی گئی۔ روجھان سے 1555 کنال 8 مرلہ زرعی زمین واگزار کرائی گئی۔روجھان سے واگزار کرائی گئی زمین کی مالیت ایک کروڑ انہتر لاکھ روپے ہے۔ دونوں کاروائیوں میں مجموعی طور پر دس کروڑ سے زائد کی سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی۔ اس حوالے سے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر پنجاب بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کاروائیاں جاری ہیں۔
