
لاہور(ٹی این آئی)اینٹی کرپشن میں خوداحتسابی کی شاندار روایت قائم کرتے ہوئے فرائض سے غفلت برتنے اور زیر حراست ملزم کو فرار کروانے کے الزام میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے اپنے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ننکانہ صاحب خالد محمود کے خلاف مقدمہ درج کروا کر اسےگرفتار کرلیا ۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر پر الزام ہے کہ اس نے زیر حراست ملزم پرویز امجد کو لوکل پولیس اسٹیشن حوالات میں بند کرنے کیلئے لے جاتے ہوئے غفلت ، لاپرواہی اور غیر زمہ داری کا مظاہرہ کیا اور ملزم پرویز امجد کو فرار کروادیا اور اس واقع کے بارے میں افسران بالا و لوکل پولیس کو بروقت مطلع نہ کیا جس سے اس کی غفلت اور ملی بھگت ثابت ہوتی ہے۔ اینٹی کرپشن نے اس غیر زمہ داری پر متعلقہ پولیس اسٹیشن چونگ میں ملزم اسسٹنٹ ڈائریکٹر خالد محمود کے خلاف مقدمہ درج کروادیا اور گزشتہ روز اسکو گرفتار کرلیا۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر خالد محمود پر یہ بھی ہے کہ اس نے اس سارے واقعے کے دوران کسی قسم کی مزاحمت نہ کی اور اس نے ملزم کے فرارکو افسران بالا سے چھپایا۔ترجمان اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن میں کرپٹ عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں اور ہم کرپشن فری پنجاب کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔
