
خیبرپختونخوا کے محکمہ لائیواسٹاک سے متعلق آڈٹ رپورٹ میں 80 گاڑیاں غائب ہونے کا انکشاف
Chief Editor arshad mahmood ghumman
اسلام آباد(ٹی این آئی) خیبرپختونخوا کے محکمہ لائیواسٹاک سے متعلق آڈٹ رپورٹ میں 80 گاڑیاں غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ نجی نیوز چینل کو موصول دستاویزات کےمطابق آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محکمہ لائیو اسٹاک نے آڈٹ کے دوران 80 گاڑیوں کا ریکارڈ پیش نہیں کیا، محکمہ ایکسائز کے مطابق 80 سے زائد گاڑیاں ڈی جی لائیو اسٹاک کے نام رجسٹرڈ ہیں اور رجسٹریشن کے باوجود غائب گاڑیاں فیلڈ یا دفاتر میں موجود نہیں۔آڈٹ رپورٹ میں محکمہ لائیو اسٹاک کی غائب سرکاری گاڑیوں کا پتا لگانے کی سفارش کی گئی ہے اور آڈٹ رپورٹ نے محکمے کی شفافیت پربھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق محکمے نے 200 سے زائد گاڑیاں منصوبوں کے لیے خریدی تھیں اور یہ سال 2007 سے 2021 تک لائیو اسٹاک پروجیکٹس کیلئے خریدی گئی تھیں۔
اس حوالے سے جیو نیوز سے گفتگو میں صوبائی وزیر لائیو اسٹاک فضل حکیم کا کہنا تھاکہ میں نے تمام گاڑیوں کو جمع کرنے کے احکامات دیے ہیں اور گاڑیوں کی ریکوری کے لیے لیٹرز جاری کردیے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ اس ضمن میں سیکرٹری لائیو اسٹاک نے تمام محکموں کو خطوط ارسال کیے ہیں۔
