
لاہور(ٹی این اٗئی) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے چوہدری پرویز الہٰی کے بیان پر ردعمل میں کہا ہےکہ پرویز الہٰی کا گجرات سے متعلق بیان ان کے اپنے خلاف چارج شیٹ ہے۔ایک بیان میں عظمٰی بخاری کا کہنا تھا کہ 30 سال گجرات کے نام پر سیاست کرنے والے سیوریج لائن نہیں ڈال سکے،گجرات کے پانی کی نکاسی کے ایک ہفتے بعد پرویز الہٰی کو ہوش آگیا۔عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ عوام آپ کی حکومت کی کرپشن اور رشتہ داروں کو نوازنے سے پوری طرح آگاہ ہے،گجرات آپ کے وائٹ پیپر پروجیکٹس کی وجہ سے ڈوبا، گجرات میں ترقیاتی منصوبوں کے نام پر لوٹ مار کرنے والے ہمیں کس منہ سے طعنے دے رہے ہیں؟
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ جن کے لیڈر کے منصوبے لنگر خانے، پناہ گاہیں تھیں وہ بھی بولنے لگ گئے اللہ کی شان ہے، عوام کے لیے واقعی اتنا درد ہے تو آئیں سیلاب متاثرہ علاقوں میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔خیال رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما چوہدری پرویز الہیٰ نےگجرات میں سیلاب زدگان سے خطاب میں کہا تھا کہ ہمارا ون ون ٹو ٹو (1122)کا منصوبہ ہی کافی ہے، ن لیگ ہمارے منصوبے جیسا کوئی ایک منصوبہ لا کر دکھائے۔
پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ ہماری ساڑھے 5 ماہ کی حکومت کے فنڈز نہ روکے جاتے تو گجرات نہ ڈوبتا۔
