
ملتان (ٹی این آئی)ملتان کی تحصیل شجاع آباد میں بند ٹوٹنے سے پیدا ہونے والا شگاف 400 فٹ تک بڑھ گیا۔نجی نیوز چینل کے مطابق شجاع آباد کی بستی دھوندو کے بند میں شگاف بڑھ کر 400 فٹ ہوگيا ہے اور شگاف پُر نہ ہونے کے باعث مزید کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ محکمہ انہار کا کہنا ہے کہ مٹی کی کمی شگاف پُر کرنے میں آڑے آرہی ہے جب کہ دو روز گزرنے کے باوجود متاثرین بے یار و مددگار کھلے آسمان تلے بیٹھنے پر مجبور ہیں۔
سیلاب متاثرین کا کہنا ہے کہ پینے کا صاف پانی میسر ہے نا ہی کھانے کی کوئی چیز دستیاب ہے، جانور بھی مر رہے ہیں، ابھی تک ان تک کوئی امداد نہیں پہنچی۔ شجاع آباد میں متاثرین نے کہا کہ علاقے میں اس سے پہلے کبھی سیلابی پانی نہیں آیا لیکن اس بار جو پانی آیا ہے اس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔
