
لاہور(ٹی این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب کے روڈ بحالی پروگرام کے تحت صوبے بھر میں شاہراہوں کی تعمیر اور انفراسٹرکچر کی مضبوطی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ منصوبوں کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مانیٹرنگ کا عمل بھی فعال ہے۔صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت اجلاس میں پیش کی گئی بریفنگ کے مطابق قائداعظم انٹرچینج سے واہگہ بارڈر تک 13 کلو میٹر طویل شاہراہ پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے,گاؤں ڈیال میں سڑک کی تعمیر کے لیے تجاوزات کو گرایا جا رہا ہے جبکہ ڈیڑھ کلو میٹر کے حصے سے رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں,چشتیاں تا ہارون آباد 26 کلو میٹر شاہراہ کا منصوبہ مکمل ہو چکا ہے,چیچہ وطنی تا ہرپہ میوزیم 36 کلو میٹر سڑک کی تعمیر پر تیزی سے کام جاری ہے,چکوال میں 17 ارب روپے کی لاگت سے 470 کلو میٹر طویل سڑکوں کی تعمیر مکمل کی گئی ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ منصوبوں پر دن رات کام جاری ہے جبکہ معیار کی جانچ کے لیے مانیٹرنگ کا نظام مضبوط بنایا گیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سڑکوں کے منصوبوں میں تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ بھی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ دیرپا اور معیاری انفراسٹرکچر فراہم ہو سکے۔
