
لاہور (ٹی این آئی)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا“اپنی چھت اپنا گھر”پروگرام باکو میں غیر ملکی مہمانوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جہاں قائم پویلین خصوصی دلچسپی حاصل کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گزشتہ روز اس تاریخی منصوبے کو باکو میں عالمی سطح پر شوکیس کیا، جو دنیا بھر کے لیے ایک منفرد ماڈل بن کر سامنے آ رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ“اپنی چھت اپنا گھر”پروگرام اپنی نوعیت کا دنیا کا سب سے بڑا اور منفرد ہاؤسنگ منصوبہ ہے، جس کے تحت اب تک ایک لاکھ گھر مکمل ہو چکے ہیں جبکہ 60 ہزار گھروں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پانچ سال میں پانچ لاکھ خاندانوں کو اپنی چھت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، جس پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی کام صرف فائلوں تک محدود نہیں بلکہ عملی طور پر زمین پر نظر آ رہے ہیں، اسی لیے دنیا بھی اس حقیقت کو تسلیم کر رہی ہے کہ پنجاب میں حقیقی معنوں میں کام ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو عناصر مریم نواز کی کارکردگی کا مقابلہ نہیں کر سکتے وہ بلاجواز تنقید کر رہے ہیں، مگر عوام کو اصل فرق واضح طور پر نظر آ رہا ہے-
