ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کی ہدایت پر ریجنل ڈائریکٹر کی کارروائی
لاہور (ٹی این آئی)ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس کی ہدایت پر ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن بہاولپور محمد علی کاشف رشوت خور افسران کی سرکوبی کے لئے متحرک ہوگئے۔ ایک ہی دن میں دو افسران کو گرفتار کرلیا۔ سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر طاہر محمود 53 لاکھ روپے سے زائد کی خُردبُرد میں ملوث ہے۔ ملزم نے لائیوسٹاک آفیسرز کو دی جانے والی موٹر سائیکلز کی قسطوں کی رقم ہڑپ کی۔ ملزم طاہر محمود کو لاہور ہائی کورٹ کے بہاولپور بینچ سے ضمانت قبل از گرفتاری خارج ہونے پر گرفتار کیا گیا۔ محکمہ انہار کے ایس ڈی او محمد سعید ڈُھڈی کو دس ہزار بطور رشوت وصول کرتے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
اسی طرح ایس ڈی او ملزم سعید نے مدعی سلیم اختر سے نہری پانی کی وارہ بندی کے لئے دس ہزار وصول کئے تھے۔ ملزم سعید ایس ڈی او محکمہ انہار بورے والا تعینات تھا۔ ملزم کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرفراز ایبک نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی موجودگی میں اچانک چھاپہ مار کر گرفتار کیا۔ ملزم سے رشوت کی رقم برآمدہونے پر مقدمہ درج کرکے حوالات میں بند کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ڈی جی اینٹی کرپشن محمد گوہر نفیس کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں کرپٹ افسران کے خلاف بلاامتیاز کاروائیاں جاری ہیں ۔
