لاہور (ٹی این آئی)اینٹی کرپشن کا پولیس اور محکمہ مال کے ساتھ گرینڈ آپریشن ،صوبائی حکومت کی کروڑں روپے مالیت کی زمین واگزار

ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس کی ہدایت پر اینٹی کرپشن لیہ نے پولیس کی بھاری نفری اور محکمہ مال کے ساتھ قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا۔ اینٹی کرپشن نے لیہ کے علاقے وارڈ نمبر 2 کروڑ سٹی سے 76 کنال سرکاری رقبہ واگزار کرالیا۔ واگزار کرائی گئی زمین کی مالیت 22 کروڑ 80 لاکھ روپے ہے۔صوبائی حکومت کی زمین پر عرصہ دراز سے غیر قانونی قابضین مسلط تھے۔ اینٹی کرپشن نے سورس رپورٹ پر زیر قبضہ زمین کا سُراغ لگایا۔سرکل آفیسر وسیم لغاری کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ واگزار شُدہ رقبہ محکمہ مال کے سپرد کردیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ڈی جی اینٹی کرپشن کا کہنا تھا کہ محکمہ مال کو قابضین سے تاوان وصول کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔پنجاب بھر میں قبضہ مافیا اور کرپٹ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کاروائیاں جاری ہیں۔
