
لاہور(ٹی این آئی )پنجاب حکومت نے بلدیاتی الیکشن کی تیاریوں کو حتمی شکل دیدی، سیکرٹری بلدیات نورالامین مینگل نے کہا پنجاب میں نئے بلدیاتی انتخابات اس سال کے آخر تک نومبر یا دسمبر میں کرائے جائیں گے، لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس 2021 کو حتمی منظوری کے لیے پنجاب اسمبلی بھجوا دیا ہے جو جلد منظور ہو جائیگا،پنجاب میں 11میٹروپولیٹن کارپوریشنز بنائی گئی ہیں، میونسپل کارپوریشنز کی تعداد 11سے بڑھا کر 15کر دی، پہلے تحصیل کونسلز کا وجود نہیں تھا، اب 136تحصیل کونسلز بھی بنا دی ہیں جبکہ ضلع کونسلز ختم کر دی گئی ہیں، میونسپل کمیٹیوں کی تعداد 182 سے کم کرکے 133کردی، 64ٹان کمیٹیاں، 3ہزار 468ویلج کونسلز جبکہ 2ہزار 466نیبر ہڈ کونسلز بھی بنائی گئی ہیں، سیکرٹری بلدیات نے مزید کہا میٹروپولیٹن کارپوریشن کے لارڈ میئر کے انتخاب کا طریقہ تبدیل کر دیا گیا ، آئندہ لارڈ میئر کو ایوان نہیں ضلع کے عوام منتخب کریں گے، نئے نظام میں بلدیاتی اداروں کے بیلٹ پیپرز کی تعداد بھی کم کر دی ، ٹاؤن کمیٹیوں سے میٹروپولیٹن کارپوریشنز تک جماعتی انتخابات ہوں گے جبکہ ویلج کونسلز اور نیبرہڈ کونسلز کے انتخابات غیر جماعتی ہوں گے۔
